گوجرانوالہ (ویب ڈیسک)گوجرانوالہ میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے گذشتہ سال نو مئی کو راہوالی کینٹ چیک پوسٹ پر حملے کے مقدمے میں مختصر فیصلہ سنایا ہے۔ جس کے مطابق رکن پنجاب اسمبلی کلیم اللہ خان سمیت 51 ملزمان کو پانچ، پانچ سال قید کی سزا دی گئی ہے۔
یہ مقدمہ 9 مئی کو راہوالی کینٹ چیک پوسٹ پر حملے کے بعد درج ہوا تھا۔ کیس کا تفصیلی فیصلہ ابھی جاری نہیں کیا گیا۔
یہ فیصلہ عدالت کی جج مسز نتاشہ نسیم نےسنیچر کو مقدمے کی سماعت مکمل ہونے کے بعد سنایا۔ ملزمان کا سینٹرل جیل گوجرانوالہ میں ٹرائل کیا گیا تھا اور فیصلہ بھی جیل کے کورٹ روم میں سنایا گیا۔
پی ٹی آئی کی قیادت و کارکنوں کی جانب سے نو مئی کو آرمی چیک پوسٹ راہوالی کینٹ اور پاکستانی فوج و پولیس اہلکاروں پر حملوں کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
تھانہ کینٹ میں 10 مئی 2023 کو درج ہونے والے مقدمے میں ناجائز اسلحہ، قتل و دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں۔ مقدمے کے مدعی ایس ایچ او مدثر رفیق بٹ ہیں۔
مقدمے میں پنجاب اسمبلی کے رکن کلیم اللہ خان، پی ٹی آئی کے مقامی راہنمائوں جمال ناصر چیمہ، رضوان ظفر چیمہ، رضوان مصطفیٰ سیان، سابق ایم پی اے شبیر مہر سمیت 23 نامزد اور 400 نامعلوم افراد ملزم تھے جبکہ بعض ملزمان کو بعد ازاں شناخت ہونے پر مقدمے کی ضمنیوں میں نامزد کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق سرکاری گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی گئی، ایس ایس پی انویسٹیگیشن ، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او سمیت آٹھ افسران و اہلکاران زخمی ہوئے مقدمے میں پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کو بھی ملزم نامزد کیا گیا تھا۔