اسلام آباد(پی ایم این/ویب ڈیسک)
پاکستان اور ایران نے غزہ کو خالی کرانے امریکی اور اسرائیلی تجویز کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے دو ریاستی حل کو ہی واحد قابل عمل آپشن قرار دیدیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ایرانی ہم منصب سید عباس عراقچی نے ٹیلیفونک رابطہ کیا، دونوں وزراء نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور غزہ میں فلسطینیوں کی مسلسل حالت زار پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے غزہ کے لوگوں کو بے گھر کرنے کی تجویز کو پریشان کن اور غیر منصفانہ قرار دیا۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ فلسطینی سرزمین فلسطینی عوام کی ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل ہی واحد قابل عمل اور منصفانہ آپشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان 1967ء سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ایک خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
اسحاق ڈار نے غیر معمولی او آئی سی اجلاس بلانے کیلئے پاکستان کی حمایت سے بھی آگاہ کیا، دونوں وزراء نے پیش رفتوں پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مصری ہم منصب عبدالعاطی کو بھی ٹیلیفون کرکے غزہ میں ہونیوالی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔
مصری ہم منصب سے رابطے میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے او آئی سی وزرائے خارجہ کا غیرمعمولی اجلاس بلانے کیلئے حمایت سے آگاہ کیا۔
اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور مصر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا، دونوں وزرائے خارجہ نے مستقبل میں قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق بھی کیا۔