لاہور(پی ایم این/نازیہ اعظم)رمضان وہ مہینہ ہے جب اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کا نزول ہوتا ہے، دلوں کی صفائی ہوتی ہے، گناہوں کی معافی ملتی ہے اور جنت کے دروازے کھل جاتے ہیں لیکن رمضان کی رونق میں خواتین کی محنت، محبت اور قربانیوں کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ وہی ہیں جو اپنے گھر کو، اپنے خاندان کو اور اپنے دل کو رمضان کی برکتوں کیلئے تیار کرتی ہیں۔
رمضان محض روزے رکھنے اور عبادات کا مہینہ نہیں بلکہ ایثار، قربانی اور خالص محبت کی لازوال داستان ہے۔ یہ وہ مہینہ ہے جب ایک عورت اپنی نیند، اپنی بھوک اور اپنی تھکن بھول کر اپنے خاندان کی خدمت کرتی ہے، ان کے چہروں پر خوشی دیکھ کر خود کو مطمئن محسوس کرتی ہے۔
رمضان محض کھانے پینے کا مہینہ نہیں ہے بلکہ روح کی پاکیزگی اور اللہ سے تعلق مضبوط کرنے کا مہینہ ہے اس کی تیاری قلبی اور روحانی طور پر سب سے پہلے ضروری ہے۔
خواتین سب سے پہلے نیت کر لیں کہ یہ رمضان پچھلے تمام رمضان سے بہتر ہوگا۔
نماز اور تلاوت کا شیڈول بنائیں تاکہ کوئی دن ضائع نہ ہو۔
تراویح کی پابندی کا عزم کریں اور خود کو اس کے لئے ذہنی طور پر تیار کرلیں۔
قرآن سے تعلق مضبوط کریں
رمضان قرآن کا مہینہ ہے اس لئے خواتین روزانہ تلاوت کی عادت ابھی سے ڈالیں۔
قرآن کو پڑھ کر سمجھنے اور عمل کرنے کا ارادہ کریں۔
دعاؤں کی فہرست بنائیں تاکہ جب وقت ملے تو سب سے ضروری دعائیں مانگ سکیں۔
جسمانی تیاری
اچھی صحت کے ساتھ رمضان کے معمولات بہتر انداز میں گزارے جاسکتے ہیں۔
خوراک اور پانی کی متوازن مقدار
افطار کے بعد سے لے کر سحری تک مناسب مقدار میں پانی پئیں تاکہ پانی کی کمی کا مسئلہ نہ ہو۔
جنک فوڈ سے کم استعمال کریں۔
سحر و افطار میں غذائیت سے بھرپور غذاؤں کا استعمال کریں۔
گھریلو تیاری
خواتین کو چاہئے کہ رمضان سے قبل چند تیاریاں مکمل کرلیں تاکہ رمضان میں یکسوئی سے عبادت کی جاسکے۔
کھجور، بیسن، دالیں، چاول، مشروبات اور دیگر اشیاء رمضان سے قبل خرید کر محفوظ کرلیں۔
رمضان میں غیر ضروری بازار کے چکروں سے پرہیز کریں تاکہ زیادہ وقت عبادت میں صرف ہو۔
چند ایسے پکوان جو خراب نہ ہوں اور جن کی غذائیت بھی کم نہ ہو خواتین کو چاہئے کہ رمضان سے قبل تیار کرکے رکھ لیں۔
سحر و افطار میں کھائی جانے والی اشیاء گھر میں ہی تیار کریں۔
خواتین کو چاہئے کہ ابھی سے گھر کی صفائی وغیرہ مکمل کرلیں تاکہ رمضان میں زیادہ وقت عبادت میں گزارا جاسکے۔
خواتین کو چاہئے کہ اپنے کچن کی ضروری اشیاء کو اس طرح ترتیب دیں کہ سحر و افطار میں آسانی ہو۔
چونکہ رمضان میں دیئے گئے صدقے کا ثواب کئی گنا زیادہ ہوتا ہے۔ اور عورت چونکہ صرف گھر سنوارنے والی نہیں بلکہ محبت باٹنے والی بھی ہوتی ہے اس لئے اسے رمضان میں درج ذیل کام کرنے چاہئیں۔
اپنے ہاتھوں سے کسی مستحق کو افطار کروائیں۔
زکوٰۃ اور صدقہ ابھی سے نکالیں تاکہ ضرورتمند تک بروقت پہنچ سکے۔
بچوں کو بھی صدقے اور خیرات کی نیکیوں میں شامل کریں جیسے غریب کو کھانا دینا، کسی بیمار کی مدد کرنا یا کسی یتیم یا ضرورتمند کے لئے کپڑے خریدنا۔
شوہر اور گھر کے دیگر افراد کو بھی ان نیکیوں میں شامل کریں۔
محلے اور رشتہ داروں میں دیکھیں کہ کون مدد کا محتاج ہے اور اس کی خاموشی سے مدد کریں۔
رمضان محض روزے رکھنے اور عبادات کا مہینہ نہیں بلکہ ایثار، قربانی اور خالص محبت کی لازوال داستان ہے۔ یہ وہ مہینہ ہے جب ایک عورت اپنی نیند، اپنی بھوک اور اپنی تھکن بھول کر اپنے خاندان کی خدمت کرتی ہے، ان کے چہروں پر خوشی دیکھ کر خود کو مطمئن محسوس کرتی ہے۔ وہ جو سب کو سحری میں جگاتی ہے اور خود سب سے آخر میں کھاتی ہے جو پورا دن روزے سے ہونے کے باوجود دوسروں کا خیال رکھتی ہے۔ جو افطار میں سب کے لئے اہتمام کرتی ہے۔ جو راتوں کو جاگ کر سب کے لئے دعائیں مانگتی ہیں مگر اپنی دعاؤں میں خود کو بھول جاتی ہے۔ یہ رمضان ہمیں سکھاتا ہے کہ محبت صرف الفاظ سے نہیں ہوتی قربانی اور خدمت ہی اصل محبت ہے اور یہی محبت اللہ کی رضا کی سب سے بڑی علامت ہے۔