اسلام آباد(پی ایم این) پاکستان کی حکومت نے افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والے افراد اور غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کو واپس بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہری 31 مارچ تک رضاکارانہ طور پر واپس چلے جائیں۔
وزارت داخلہ نے افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو بھی 31 مارچ تک رضاکارانہ واپسی کی ہدایت کی ہے اور کہا کہ اس کے بعد 1 اپریل 2025 سے بے دخلی کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ اس عمل کے دوران کسی بھی شہری سے ناروا سلوک نہیں کیا جائے گا۔ واپس جانے والے افراد کے لیے خوراک اور طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ ان کی واپسی کو باوقار اور محفوظ بنایا جا سکے۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر اپنے وعدے پورے کر رہا ہے اور یہاں قیام کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کرنا ضروری ہوں گے۔
پاکستانی حکومت نے اس اقدام کو ملکی سالمیت اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کے تناظر میں ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔