سینیٹ اجلاس، اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر پر عملدرآمد نہ ہونے کا معاملہ استحقاق کمیٹی کے سپرد

اسلام آباد(پی ایم این) پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار سینیٹر عون عباس بپی کو پروڈکشن آرڈر پر سینیٹ اجلاس میں پیش کر دیا گیا، جبکہ سینیٹر اعجاز چوہدری کو پروڈکشن آرڈر کے باوجود ایوان میں پیش نہ کرنے کا معاملہ استحقاق کمیٹی کو بھیج دیا گیا۔ سینیٹ کا اجلاس چیئرمین یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت ہوا، جہاں عون عباس بپی نے اظہار خیال کرتے ہوئے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے پر چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ صبح ان کے گھر پر چھاپہ مار کر انہیں ہراساں کیا گیا اور عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں ان پر ہرن کے شکار کا الزام لگایا گیا۔ عون عباس بپی نے اپنے ساتھی سینیٹر اعجاز چوہدری کو پیش نہ کیے جانے پر شدید احتجاج کیا اور اعلان کیا کہ وہ اپنے پروڈکشن آرڈر منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں اور جیل واپس جانا چاہتے ہیں جب تک کہ اعجاز چوہدری کو ایوان میں پیش نہیں کیا جاتا۔ چیئرمین سینیٹ نے رولنگ دی کہ پروڈکشن آرڈر پر عملدرآمد نہ ہونے کے معاملے کو استحقاق کمیٹی کے سپرد کیا جا رہا ہے۔