کراچی کے ویئر ہاؤس سے برآمد شدہ اربوں کی جعلی ادویات کی جانچ مکمل

کراچی(پی ایم این)کورنگی میں واقع ایک ویئر ہاؤس سے برآمد کی گئی اربوں روپے مالیت کی ادویات کی جانچ پڑتال مکمل کر لی گئی ہے، جس میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ یہ ادویات جعلی اور غیر قانونی ہیں۔

ڈریپ (ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان) کے ذرائع کے مطابق، سنٹرل ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کراچی نے ان تمام برآمد شدہ ادویات کو جعلی قرار دیا ہے۔ مزید تحقیقات سے معلوم ہوا کہ یہ تمام ادویات ڈریپ سے رجسٹرڈ نہیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق، ضبط شدہ ویئر ہاؤس سے 7 مختلف برانڈز کی درد کش گولیاں اور کیپسول برآمد ہوئے، جن میں ٹراماڈول سالٹ سے تیار کردہ ادویات بھی شامل تھیں۔ ڈریپ کے مطابق، ٹراماڈول ہائیڈروکلورائیڈ ایک طاقتور درد کش دوا ہے، جس میں معمولی مقدار میں افیون کی آمیزش ہوتی ہے۔

تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ان جعلی ادویات کے پیکٹس پر دواساز کمپنیوں کی تفصیلات درج نہیں تھیں، جبکہ ضبط شدہ دواؤں میں ٹرامیکنگ، ٹرامیکنگ میگا، نیو ٹراماڈول 225 ایم جی، ٹراماکنگ کیپسول، نیو رائل اور ٹیمرال شامل تھیں۔

واضح رہے کہ 26 فروری کو پاکستان کسٹمز نے کورنگی میں ایک ویئر ہاؤس پر چھاپہ مار کر 10 ارب روپے مالیت کی مشتبہ ادویات برآمد کی تھیں، جنہیں ابتدائی طور پر بھارتی ساختہ قرار دیا گیا تھا۔

#کراچی #جعلی_ادویات #ڈریپ #ٹراماڈول #ادویات_اسمگلنگ #دواسازی #پاکستان_کسٹمز