ممبئی:(ویب ڈیسک) بھارت میں اپوزیشن جماعت کانگریس کے سینئر رہنما راہول گاندھی نے معروف بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان سے معافی مانگ لی ہے۔
بھارتی میڈیا ’انڈیا ٹو ڈے‘ نے انکشاف کیا ہے کہ کانگریس رہنما راہول گاندھی نے اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی منشیات کیس میں گرفتاری پر خط لکھا تھا جسے اب تک خفیہ رکھا گیا۔ شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان کے نام لکھے گئے خط میں ان سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔
’انڈیا ٹو ڈے‘ کے مطابق راہول گاندھی نے خط میں شاہ رخ خان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ آپ اور آپ کی فیملی انتہائی مشکل وقت سے گزر رہے ہیں جس پر میں آپ لوگوں سے معافی مانگتا ہوں، کوئی بھی بچہ اس طرح کے سلوک کا ہرگز مستحق نہیں ہوتا، آپ نے اپنی اداکاری سے لوگوں میں خوشیاں بانٹیں اور مجھے یقین ہے کہ مستقبل میں بھی آپ اسے جاری رکھیں گے۔
راہول گاندھی نے خط میں مزید لکھا کہ میں امید کرتا ہوں کہ بہت جلد آپ اور آپ کے اہل خانہ اس مشکل وقت سے نکل جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق خط 3 اکتوبر 2021ء کو آریان خان کی گرفتاری کے بعد 14 اکتوبر کو لکھا گیا۔