فواد چوہدری نے شعیب اختر اور نعمان نیاز کی صلح کروادی

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وزیراطلاعات فواد چوہدری نے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر اور پی ٹی وی کے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز میں صلح کروادی۔

تفصیلات کے مطابق سرکاری چینل پی ٹی وی کے ایک پروگرام میں سابق مایہ ناز فاسٹ بولر شعیب اور اینکر ڈاکٹر نعمان نیاز کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی تھی، اور شعیب اختر براہ راست چلنے والے پروگرام میں ہی اپنے استعفے کا اعلان کردیا تھا، جس کے بعد دونوں کی جانب سے مختلف ٹی وی چینلز پر مؤقف پیش کئے جاتے رہے، تاہم عوامی کی اکثریتی رائے راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کے حق میں ہی رہی۔

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے دونوں شخصیات کی غلط فہمیاں اور دوریاں ختم کرنے کے لئے قدم اٹھایا اور دونوں کو اپنے گھر بلاکر صلح کروادی، فواد حسین چوہدری نے شعیب اختر اور ڈاکٹر نعمان نیاز کے ہمراہ لی گئی تصویر بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شیئر کی ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر نعمان نیاز نے شعیب اختر سے اپنے رویئے کی معافی مانگتے ہوئے کہا کہ لائیو پروگرام میں شعیب اختر سے غیر مناسب رویہ اپنایا، اسکرین پر جو ہوا اس پر افسوس ہے۔

دوسری جانب شعیب اختر نے بھی کہا کہ ڈاکٹر نعمان نیاز سے معاملہ خوش اسلوبی کے ساتھ حل ہوگیا ہے، میں نے نعمان نیاز کو واقعے کی رات ہی معاف کردیا تھا مگر بات طویل ہوئی۔