اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی کا فیصلہ سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہے، وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری
(ویب ڈیسک)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قیدیوں سے ملاقات پر پابندی کا اقدام صرف عمران خان کی نہیں بلکہ تمام قیدیوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
جیو کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ یہ فیصلہ سنجیدہ سکیورٹی الرٹ کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چند روز پہلے ایک آپریشن کے بعد چند دہشت گرد پکڑے گئے تھے، جو فی الحال زیر تفتیش ہیں اور ان کے پاس سے اڈیالہ جیل کے نقشے برآمد ہوئے تھے۔
انھوں نے کہا کہ ان مبینہ دہشت گردوں سے دوران تفتیش تمام معلومات حاصل ہوئیں جن کی بنیاد پر یہ فیصلہ کیا گیا اور سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر کیا جائے گا اور جیل کے عملے کی مکمل سکروٹنی کی جائے گی۔
تحریک انصاف کے الزامات کے حوالے سے جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ بے بنیاد الزامات عائد کرتی ہے، حکومت نے یہ سب عمران خان کے لیے نہیں کیا، عمران خان کو جیل میں تمام تر سہولیات میسر ہیں اور ان سے کوئی سہولت واپس نہیں لی گئی۔