اسلام آباد (ویب ڈیسک) تحریک انصاف نے حکومت سے مذاکرات کے لیے تین شرائط رکھ دی ہیں۔ ان شرائط میں دس حلقوں کا آڈٹ، سیاسی قیدیوں کی رہائی اور احتجاج کرنے کی اجازت شامل ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما عاطف خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت دس حلقے ایسے بتائے جہاں اسے یہ شک ہے کہ دھاندلی ہوئی ہے اور دس حلقے ہم بتاتے ہیں جہاں آڈٹ کیا جائے اور وہاں کے فارم 45 نکالے جائیں۔
انھوں نے کہا کہ پرامن احتجاج کرنے والوں کو مارا جاتا ہے، اس طرح تو یہ حکومت معاملے حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے۔
علی ظفر نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے ان تین شرائط کی تصدیق کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کو ختم کیا جائے اور بات چیت کے لیے حکومت ماحول سازگار کرے۔
علی ظفر نے کہا کہ ایک بار حکومت تحریک انصاف کے ان تین مطالبات پر عمل کرے تو اس کے بعد ہم حکومت سے معیشیت، قومی مفاد اور سکیورٹی مسائل پر بات کر سکتے ہیں۔