سینیٹ الیکشن میں حصہ لینا ہمارا حق ہے، ظلم و زیادتی کا سلسلہ بند کیا جائے،بیرسٹر سیف

(ویب ڈیسک )پی ٹی آئی کے سینیٹ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ یہ عمل افسوسناک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے مینڈیٹ کو تسلیم نہ کرنے کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔ بے بنیاد وجوہات کے بنیاد پر ہمارے سینیٹ کے امیدواران کے کاغذات مسترد کئے گئے۔

انھوں نے مزید کہا کہ زلفی بخاری، مراد سعید، اعظم سواتی کو اس ڈر سے باہر کیا جا رہا ہے تاکہ یہ سینیٹ میں عوام کی نمائندگی کو حقیقی انداز میں کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ ارباب اختیار ،ارباب اقتدار اور فیصلہ سازوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ عوام کو ان کی نمائندگی کے حق سے محروم نہ کریں۔ سینیٹ الیکشن میں حصہ لینا ہمارا آئینی ،قانونی اور جمہوری حق ہے۔