سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں کے اپیلوں پر سماعت 25 مارچ کو مقرر کردی

پاکستان کی سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں کے خلاف انٹرا کورٹ اپیلیں سماعت کے لیے 25 مارچ کو مقرر کردی ہیں۔

انٹراکورٹ اپیلوں پر سماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں چھ رُکنی بینچ کرے گا۔

بینچ میں جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید بینچ، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس عرفان سعادت بھی شامل ہیں۔

اس سے قبل سپریم کورٹ کے سابق جج سردار طارق مسعود کی سربراہی میں چھے رکنی بینچ نے نو مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف فوجی عدالتوں میں کارروائی جاری رکھنے کا حکم دیا تھا، تاہم انھوں نے اس ضمن میں دائر ہونے والی درخواستوں پر فیصلہ ہونے تک فوجی عدالتوں کو فیصلہ سنانے سے روک دیا تھا۔

سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے سویلین افراد کے مقدمات فوجی عدالتوں میں بھیجنے کے حکومتی فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔