اسلام آباد ( ویب ڈیسک) شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دفاعی کے ساتھ ساتھ معاشی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ بطور وزیراعظم ان کے پچھلے دور میں سعودی عرب نے پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کے دورے پر آئے سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے ملاقاتیں کی ہیں۔
ملاقات میں علاقائی امن و سلامتی اور خطے کی سکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور سکیورٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان میں زراعت، معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دفاعی کے ساتھ ساتھ معاشی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔
شہباز شریف نے سعودی وزیر دفاع سے کہا کہ ہم آپ کے بڑے بھائی سعودی ولی عہد عزت مآب جناب محمد بن سلمان کے پاکستان کے دورے کا انتظار کر رہے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ گہرے برادرانہ تعلقات ہیں جو کہ وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔
ایوان صدر کے مطابق صدر زرداری نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کا برادرانہ رشتہ مشترکہ عقیدے اور تاریخی تعلقات سے عبارت ہے۔
صدر نے مشکل وقت میں پاکستان کو فراہم کی جانے والی حمایت پر سعودی عرب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
اعزازات تقریب میں سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کو نشان پاکستان ایوارڈ سے بھی نوازا۔