اسلام آباد (ویب ڈیسک) بشام میں چینی انجینیئرز پر خود کش حملے کے واقعے پر وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں واقعے کی مشترکہ تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزرا ءاور آرمی چیف سمیت سکیورٹی ایجنسیز کے سربراہان، آئی جیز اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے بشام واقعے کی مشترکہ تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مشترکہ تحقیقات کے لیے تمام ریاستی وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ اجلاس میں پاکستان میں کام کرنے والے چینی باشندوں کی سکیورٹی سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ قوم نے پچھلی دو دہائیوں میں ثابت قدمی سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے۔
گذشتہ روز خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی چینی انجینیئرز کی گاڑی سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت پانچ چینی باشندے اور گاڑی کا ڈرائیور ہلاک ہو گئے تھے۔