پشاور:(پی ایم این) پی ٹی آئی رہنماء حماد اظہر نے کہا ہے کہ میرے خلاف 51 دہشتگردی کے کیسز بنائے گئے آئی جی پنجاب نے عدالت میں غلط بیانی کی۔
پی ٹی آئی رہنماء حماد اظہر نے پشاور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے عدالت میں درخواست دائر کی کہ مجھے بتایا جائے کہ میرے اوپر کتنے مقدمات ہیں، مجھ پر51 دہشتگردی کے کیسز بنائے گئے ہیں جبکہ آئی جی پنجاب کی جانب سےعدالت میں غلط بیانی کرتے ہوئے کہا گیا23 مقدمات درج ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کریں گے،پشاور ہائیکورٹ کے ججز بھی انسان ہیں ان پر بھی پریشر ہوگا، پشاور ہائیکورٹ کے ججز عوام کے مسائل کو دیکھ کر فیصلے کرتے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ میرا کاروبار تباہ، گھر والوں کے ساتھ ظلم کیا گیا، دوسری جانب پی ٹی آئی کے کارکنان کے خلاف کیسز بنائے گئے اور گرفتار کیا گیا۔
حماد اظہر کا مزید کہنا تھا کہ کئی علاقوں میں مجھ پر پٹرول بم ، دستی بموں اور پستول رکھنے کے کیسزبنائے گئے، آئی جی پنجاب کو تمغہ ایسے ہی نہیں ملا ہے جبکہ بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کے باوجوداب تک کچھ ثابت نہیں ہوا۔