کراچی (پی ایم این)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے پورے سندھ میں رینجرز کو یکساں اختیارات دینے کا مطالبہ کردیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صرف کراچی میں رینجرز کو اختیارات دینے سے جرائم نہیں رکیں گے بلکہ رینجرز کو پورے صوبے میں یکساں اختیارات دیے جائیں اور پولیس سے کالی بھیڑوں کو ختم کیا جائے کیونکہ اس کے بغیر جرائم ختم نہیں ہو سکتے۔
سینیٹر فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت انتخابات میں کامیابی کے خمار سے ہی نہیں نکل پا رہی، کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی واردتوں میں عام شہری قتل کیے جارہے ہیں اور کئی بار مجرم پولیس کی ہی صفوں سے ملتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس عیدی کی کلیکشن کے لیے نہیں ہے بلکہ پولیس کا کام جرائم پیشہ عناصر کو لگام ڈالنا ہے اور اگر امن و امان کے قیام کے لیے نیبر ہڈ سسٹم سندھ حکومت نہیں بنائے گی تو ایم کیو ایم بنائے گی۔
ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ نیا آئی جی سندھ لگا تو کچے کے ڈاکوؤں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور ایسا لگتا ہے کہ ڈاکوؤں کو لائسنس ٹو کل مل گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے وفاقی حکومت کو بلیک میل کر کے اپنی مرضی کا آئی جی لگوایا ہے۔
پریس کانفرنس میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ کراچی میں امن و امان کے خراب حالات پر چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نوٹس لیں اور وفاقی اور صوبائی حکومت بھی امن و امان کے قیام کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں۔