ممبئی(پی ایم این/شوبز ڈیسک) بھارتی کامیڈین سمے رائنا کو ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ معاملے پر بیان ریکارڈ کرانے کےلیے 10 مارچ تک کی مہلت مل گئی۔ ممبئی پولیس کے مطابق سمے رائنا کے بیان ریکارڈ کی مہلت میں توسیع اُن کے وکیل کی درخواست پر دی گئی ہے۔
ممبئی پولیس نے تصدیق کی بھارتی کامیڈین یوٹیوب شو میں پوڈکاسٹر رنویر الہ آبادیا کے متنازع بیان سے متعلق تحقیقات میں پیش ہوں گے۔
وکیل نے ممبئی پولیس کو بتایا کہ میرا موکل تاحال امریکا میں ہے، جس پر انہیں 10 مارچ تک کا وقت دیا گیا ہے۔
رنویر الہ آبادیا اپنے متنازع بیان کی وجہ سے بڑے تنازع کا حصہ بن گئے ہیں، مقدمات کے باعث سمے رائنا کو اپنے شو کی تمام ویڈیوز یوٹیوب سے ہٹانی پڑگئی ہیں۔
سمے رائنا اور رنویر الہ آبادیا کے خلاف آسام، گوہاٹی اور ممبئی میں مقدمات درج ہیں، گزشتہ روز یوٹیوبر نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا اور تمام مقدمات کو یکجا کرنے کی درخواست کی تھی۔
ممبئی پولیس اہلکار نے بھارتی میڈیا کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پولیس تاحال رنویر الہ آبادیا سے رابطہ نہیں کرپائی ہے کیونکہ اُن کا فون بند ہے، ممبئی اور آسام کی پولیس ٹیمیں اُن کے گھر گئیں لیکن وہاں تالا لگا ہوا ہے۔