طویل خشک موسم کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری

لاہور(پی ایم این/ویب ڈیسک)طویل خشک موسم کے بعد بلوچستان کے مختلف علاقوں میں میں بارش اور برف باری کا سلسلہ شروع ہوگیا، محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔

کوئٹہ اورگردونواح میں رات گئے سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش کے ساتھ ہی خنکی میں بھی اضافہ ہوگیا جبکہ شہر کے متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی غائب ہوگئی۔

سبی اور گردونواح،مستونگ، سنجاوی، سوئی و گرد و نواح جبکہ ڈیرہ اللہ یار اور اطراف میں بھی ہلکی بارش سے موسم سرد ہوگیا۔

ادھر سنجاوی کے پہاڑی علاقوں میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ قلعہ عبداللہ شہر میں بارش اور پہاڑی علاقوں پر ہلکی برفباری سے سردی کی شدت میں معمولی اضافہ ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے میں بارش کا سلسلہ اگلے 12 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں آج سے بارش برسانے والا سسٹم داخل ہوگا، جس سے اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر شدید برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید برفباری کے باعث مری، گلیات، ناران اور کاغان میں سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے، گلگت بلتستان، کشمیر اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا بھی خدشہ ہے۔