کراچی (پی ایم این/سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 60 رنز سے ہرادیا، 321 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم 260 رنز ہی بناسکی۔
نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں ول یونگ اور ٹام لیتھم کی سینچریوں کی بدولت 5 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز بنائے۔
قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

ابتدائی 3 وکٹیں جلد گرنے کے بعد کیوی بیٹنگ لائن سنبھل گئی، ول یونگ اور ٹام لیتھم نے 118 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، ول یونگ ایک چھکے اور 12 چوکوں کی مدد سے 107 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
بعد ازاں، ٹام لیتھم نے بھی اپنی شاندار سینچری مکمل کی، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے، وہ 104 گیندوں پر 118 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

گلین فلپس نے بھی جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی، انہوں نے 38 گیندوں پر 61 رنز بنائے جس میں 4 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔
قومی ٹیم کی جانب سے حارث رؤف اور نسیم شاہ نے 2،2 جب کہ محمد ابرار نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں قومی ٹیم میں قومی ٹیم 47.2 اوورز میں 260 رنز پر ہی ڈھیرہوگئی۔فخر زمان فیلڈنگ کے دوران پٹھوں میں کھنچاؤ کا شکار ہوئے، پاکستانی اوپنر کچھ دیر بعد فیلڈ پر آئے لیکن پھر واپس چلے گئے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ فخر زمان کے پٹھوں میں کھنچاؤ کی جانچ کی جا رہی ہے، تاہم کچھ دیر آرام کے بعد فخرزمان ایک بار پھر سے فیلڈنگ کے لیے میدان میں اترگئے۔
سعود شکیل 19 گیندوں پر 6 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جس کے بعد کپتان محمد رضوان بیٹنگ کے لیے آئے اور وہ بھی 14 گیندوں پر صرف 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
بعد ازاں، فخرزمان بیٹنگ کے لیے میدان میں اترے اور وہ 41 گیندوں پر صرف 24 رنز ہی بناسکے جس کے بعد سلمان علی آغا نے کچھ مزاحمت دکھائی لیکن وہ 28 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

بابراعظم نے نصف سنچری تو اسکور کی لیکن اپنی ٹیم کو مشکلات سے نہیں نکال سکے، وہ 90 گیندوں پر 71 کے اسٹرائیک ریٹ سے 64 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
خوشدل شاہ نے بھی میچ کو بچانے کی بھرپور کوشش کی لیکن تب تک بہت دیر ہوچکی تھی، خوشدل نے 49 گیندوں پر ایک چھکے اور 10 چوکوں کی مدد سے 69 رنز بنائے۔ شاہین شاہ آفریدی، 14 نسیم شاہ 13 اور حارث رؤف 19 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کپتان مچل مچل سینٹنر، اور ول او آرک 3،3، میٹ ہینری 2 اور مائیکل بریس ویل، گلین فلپس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔