اسلام آباد (پی ایم این/جنرل رپورٹر)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی چاہتے تھے فوج ان کی جماعت کا ذیلی ادارہ بن جائے، اقتدار سے محرومی کے بعد پی ٹی آئی اپنے زخم چاٹ رہی ہے، مذموم مقاصد کیلئے 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات رونماکیےگئے، قومی املاک پرحملے اور شہداکی یادگاروں کی بے حرمتی کے واقعات ایک حقیقت ہیں۔
سرکاری ٹی وی کوانٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کی سیاست ایک ذات کے لیے ہے، انہیں ملک کی کوئی فکر نہیں، پی ٹی آئی کا طرز عمل ہر گز سیاسی نہیں ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر برطانیہ کےاہم دورے پر ہیں، پاکستان کے برطانیہ کے ساتھ اہم سفارتی،عسکری اور معاشی تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات مثالی ہیں۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ہم نے سیاسی انتقام کا سامنا کیا لیکن ملکی وقار کےخلاف کوئی بات نہیں کی، انتشار کی سیاست ہمیشہ کےلیے دفن ہوجائے گی، الحمد للہ، ملک استحکام کی راہ پر گامزن ہے، معاشی میدان میں کامیابیاں حاصل ہورہی ہیں، قومی محاذ پر کامیابیوں سے پی ٹی آئی کی پریشانی اور بیزاری بڑھ گئی ہے۔