پشاور میں پی ٹی آئی اجلاس، اپنی ہی حکومت کی کارکردگی پر عدم اطمینان

پشاور(پی ایم این) خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے باوجود پشاور میں ترقیاتی منصوبوں کی سست روی اور بنیادی مسائل کے حل میں ناکامی پر پارٹی کے ضلعی اجلاس میں عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

پی ٹی آئی کے حالیہ ضلعی سطح کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ صوبے میں تیسری مرتبہ پی ٹی آئی کی حکومت ہونے کے باوجود پشاور میں بنیادی سہولیات کی کمی ہے۔ اجلاس میں نشاندہی کی گئی کہ سیوریج سسٹم تباہ حال ہے، جس کی وجہ سے بارشوں کے بعد شہر میں سیلابی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے، جبکہ واٹر اینڈ سینٹیشن سروسز کی ناقص کارکردگی کے باعث صفائی کا نظام بھی درہم برہم ہے۔

اعلامیے کے مطابق، پشاور کے کئی علاقوں میں پینے کے صاف پانی اور اسٹریٹ لائٹس کی سہولت موجود نہیں، جبکہ شہر کے ترقیاتی فنڈز دیگر اضلاع میں منتقل کیے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ سیف سٹی پراجیکٹ 2009 میں تجویز کیا گیا تھا، لیکن تاحال اس پر عمل درآمد نہیں کیا جا سکا۔

پی ٹی آئی اجلاس میں حکومت کو خبردار کیا گیا کہ اگر شہری مسائل پر فوری غور نہ کیا گیا تو احتجاج کا راستہ بھی اختیار کیا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے فوکل پرسن برائے پشاور میگا پراجیکٹس، ارباب عاصم نے اس معاملے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ پشاور سمیت پورے صوبے میں میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے اور اجلاس میں پیش کی گئی تجاویز پر عمل درآمد کیا جائے گا۔