وزیراعظم پاکستان شہباز شریف وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے 4 روزہ دورے پر پہنچ گئے ہیں۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مکہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور دیگر وفاقی وزرا شامل ہیں۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کریں گے، جس میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ اس ملاقات میں دونوں رہنما تجارت اور دیگر کلیدی شعبوں میں شراکت داری کے فروغ پر تبادلہ خیال کریں گے۔
دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لیے مختلف طریقوں پر بات چیت ہوگی، جس سے تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کی راہ ہموار ہوگی۔ اس دورے سے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی سطح پر سفارتی روابط کے مزید فروغ کی امید کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے اور روضہ رسول ﷺ پر حاضری دیں گے۔