عیدالفطر کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 30 مارچ کو طلب

اسلام آباد: عیدالفطر کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 30 مارچ کو طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزد کی سربراہی میں وزارت مذہبی امور اسلام آباد میں ہوگا۔ اس کے علاوہ، رویت ہلال کی زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے مقامات پر ہوں گے۔

محکمہ موسمیات نے پاکستان میں عیدالفطر 31 مارچ بروز پیر کو ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شوال کے چاند کی پیدائش 29 مارچ کو 3 بج کر 58 منٹ پر ہوگی اور 30 مارچ کو چاند کی عمر تقریباً 27 گھنٹے ہوگی۔ غروب آفتاب کے بعد چاند 70 منٹ تک آسمان پر نظر آئے گا اور 20 گھنٹے کی عمر کا چاند آنکھ سے براہ راست دیکھا جا سکے گا۔

دوسری جانب، وفاقی حکومت نے عیدالفطر کے موقع پر تین تعطیلات کا اعلان کیا ہے جو پیر 31 مارچ سے بدھ 2 اپریل تک ہوں گی۔