پاکستان اور افغانستان کے درمیان طورخم سرحدی گزرگاہ کو 28 روز بعد پیدل آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
امیگریشن حکام کے مطابق، سرحد کھلنے کے بعد بڑی تعداد میں افراد افغانستان جانے کے لیے امیگریشن سیکشن میں موجود ہیں، تاہم صرف پاسپورٹ اور ویزہ رکھنے والے مسافروں کو آمدورفت کی اجازت دی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق، طورخم کے راستے یومیہ اوسطاً 10 ہزار افراد کی نقل و حرکت ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ 21 فروری کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کے باعث طورخم سرحد ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند کر دی گئی تھی۔ تاہم، تین روز قبل تجارتی سرگرمیوں کے لیے سرحد کو کھول دیا گیا تھا۔
پاک-افغان فورسز کے درمیان کشیدگی کے دوران امیگریشن سسٹم فائرنگ کی زد میں آیا تھا، جس کی وجہ سے فنی خرابی کے باعث پیدل آمدورفت معطل رہی۔ اب سسٹم کی بحالی کے بعد مسافروں کی نقل و حرکت بحال کر دی گئی ہے۔