لاہور(پی ایم این) پاکستان اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی دوطرفہ کرکٹ سیریز میں ون ڈے میچز کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت مئی میں ہونے والی دوطرفہ سیریز میں ون ڈے میچز نہیں کھیلے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق دونوں کرکٹ بورڈز نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے اور متفقہ طور پر طے کیا ہے کہ ون ڈے میچز کی جگہ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے طے شدہ شیڈول کے مطابق بنگلادیش نے پاکستان میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلنی تھی، لیکن نظرثانی شدہ شیڈول میں اب بنگلادیش ٹیم پاکستان میں پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم جولائی میں بنگلادیش کا دورہ کرے گی، جس دوران پاکستان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گا۔ اس فیصلے کے بعد پاکستان اور بنگلادیش کرکٹ کے شائقین کو ایک نئے شیڈول کے مطابق کرکٹ کے میچز دیکھنے کو ملیں گے۔