بالی وڈ کے معروف اداکار عمران ہاشمی نے پاکستان کے سینئر اداکار جاوید شیخ کی جانب سے اپنے رویے سے متعلق دیے گئے بیان کو حیران کن اور عجیب قرار دے دیا۔
جاوید شیخ کا دعویٰ
پاکستانی اداکار جاوید شیخ نے ایک نجی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ فلم "جنت” کی شوٹنگ کے دوران جب ان کی پہلی ملاقات عمران ہاشمی سے ہوئی تو عمران نے ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا۔ جاوید شیخ کے مطابق فلم کے پروڈیوسر مہیش بھٹ نے انہیں کاسٹ کیا تھا اور جب سیٹ پر ان کا تعارف عمران ہاشمی سے کروایا گیا تو انہوں نے ہاتھ بڑھایا، لیکن عمران منہ موڑ کر چلے گئے، جس پر وہ ناراض ہوگئے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس واقعے کے بعد انہوں نے شوٹنگ کے دوران عمران ہاشمی سے کوئی بات نہیں کی اور نہ ہی ان کی طرف دیکھا۔
عمران ہاشمی کا ردعمل
اپنی 46ویں سالگرہ کے موقع پر بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران ہاشمی نے جاوید شیخ کے بیان پر حیرانی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ "مجھے اپنی پہلی ملاقات یاد نہیں، کیونکہ یہ بہت پرانی بات ہے، لیکن میں یہ ضرور جانتا ہوں کہ میرے اور جاوید شیخ کے درمیان ہمیشہ اچھے تعلقات رہے ہیں۔”
عمران ہاشمی نے مزید کہا کہ "جاوید شیخ کا بیان عجیب ہے، اس وقت میں 20 سال کا تھا اور وہ مجھ سے بڑی عمر کے تھے، اس لیے ہماری دوستی نہیں ہوسکی۔ لیکن مجھے نہیں معلوم کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں اور کیا سوچ کر یہ بات کر رہے ہیں۔”
سوشل میڈیا پر بحث
جاوید شیخ اور عمران ہاشمی کے بیانات کے بعد سوشل میڈیا پر دونوں اداکاروں کے مداحوں میں بحث چھڑ گئی ہے۔ کچھ صارفین جاوید شیخ کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ کچھ عمران ہاشمی کے ردعمل کو درست قرار دے رہے ہیں۔