اسلام آباد (پی ایم این)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ مصدق ملک سے ڈنمارک کے سفیر جیکب لنلف نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان کی موسمیاتی حساسیت اور موسمیاتی مزاحمت کو بڑھانے کے مشترکہ تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈنمارک کے سفیر نے موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی کوششوں میں ڈنمارک کی حکومت کی ہرممکن حمایت اور مدد کے عزم کا اعادہ کیا۔
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے حکومت کے عزم کا خاکہ پیش کیا۔
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ مصدق ملک سے ترکیہ کے سفیر عرفان نیزیروگلو نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں کاربن کریڈٹ کے منصوبوں، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے اقدامات کے شعبوں میں ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے باہمی تعاون کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے کاربن کریڈٹ منصوبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے اور عالمی و علاقائی موسمیاتی مالیات کے ذرائع سے استفادہ کرتے ہوئے ملک میں ان منصوبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا۔