کیلیفورنیا:(ویب ڈیسک) ایک دلچسپ ایجاد کا احوال سنئے جو ایک مجازی اسکرین والی عینک ہے جسے پہن کر آپ کی آنکھوں کے سامنے ایک مجازی اسکرین ظاہر ہوجاتی ہے اور وہ بھی 140 انچ طویل ہے۔
اس کا نام ٹی سی ایل نیکسٹ ویئر جی اسپیکس ہے جسے کسی بھی اسمارٹ فون، ٹیبلٹ اور لیپ ٹاپ سے جوڑا جاسکتا ہے۔ اس کےبعد عینک اسمارٹ فون کا بیرونی اسکرین بن جاتی ہے جو کئی فٹ طویل ہوسکتا ہے۔ یعنی عینک پہن کر آپ اپنی آنکھوں کے سامنے سینما اسکرین کا لطف اٹھاسکتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس عینک میں ویڈیو پروسیسنگ کا کوئی نظام نہیں بلکہ عینک بہت ہلکی پھلکی ہے۔ اس کے اندر دو عدد مائیکرو اوایل ای ڈی پینل لگے ہیں جن کی ریزولوشن 1080 پکسل ہے۔ ان کی بدولت آپ کی نگاہوں کےسامنے ایک وسیع پینل نمودار ہوجاتا ہے اور آپ آگمینٹڈ ریئلٹی میں اسے دیکھ سکتے ہیں۔
اس طرح یہ ویڈیو ایپس اور گیمز کے لیے بہت زبردست ایجاد ہے لیکن اب آپ عینک کی بدولت ای میل، دستاویز اور طویل اسپریڈ شیٹ دیکھ سکتے ہیں۔ اس طرح سرجھکائے بغیر آپ ورڈ اور دیگر ڈاکیومنٹس پر کام کرسکتےہیں۔ اس طرح تنگ جگہوں پر آپ وسیع پس منظر کی ویڈیو دیکھ سکتے ہیں۔ گویا یہ عینک آپ کو ایک بڑا اشتہاری بورڈ دکھاتی ہے۔
اس کا ایسپیکٹ ریشیو 16:9 ہے اور ریفریش ریٹ 60 ہرٹز ہے جس سے ویڈیوز حقیقی انداز میں دکھائی دیتے ہیں۔ بس آپ کو یوایس بی سے عینک کو جوڑنا ہوگا اور عینک روشن ہوجائے گی۔ دوسری جانب عینک کا وزن صرف 100 گرام ہے اور اس کے اندر اسٹیریو اسپیکر نصب ہیں جو بہترین آواز سے سارا منظر مزید حسین بنادیتے ہیں۔ اس کی حیرت انگیز تفصیلات اوپر ویڈیو میں دیکھی جاسکتی ہیں۔