سلیکان ویلی:(ویب ڈیسک) مائیکروسافٹ نے اپنے صارفین کےلیے پاس ورڈ کے بغیر کسی بھی اکاؤنٹ میں لاگ اِن/ سائن اِن ہونے کا نیا طریقہ متعارف کروادیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، پاس ورڈ کے بغیر کسی بھی مائیکروسافٹ اکاؤنٹ میں لاگ اِن ہونے کےلیے صارفین کو اپنے اسمارٹ فون پر ’’ونڈوز ہیلو‘‘ یا ’’مائیکروسافٹ آتھینٹی کیٹر‘‘ ایپ درکار ہوگی۔
جب بھی وہ اپنے کسی مائیکروسافٹ اکاؤنٹ میں داخل ہونا چاہیں گے تو صارف مذکورہ دونوں میں سے ایک ایپ کے ذریعے اپنے ’’درست‘‘ ہونے کی تصدیق کرے گا اور یوں وہ بغیر پاس ورڈ ٹائپ کیے، اس اکاؤنٹ میں لاگ اِن ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ اسی طرح کا سیکیورٹی فیچر واٹس ایپ اور یاہو میں بہت پہلے سے موجود ہے جسے استعمال کرتے ہوئے، پاس ورڈ کے بغیر، اکاؤنٹ میں لاگ اِن ہوا جاسکتا ہے۔
اس بارے میں مائیکروسافٹ کے ایک تازہ اعلان میں بتایا گیا ہے کہ آج کل پاس ورڈ بھولنا ایک عام سی بات بن چکی ہے جو صارفین کےلیے شدید پریشانی کے علاوہ وقت کی بربادی کا سبب بھی بنتی ہے۔
پاس ورڈ کے بغیر مائیکروسافٹ اکاؤنٹ میں لاگ اِن ہونے کی سہولت سے نہ صرف دنیا بھر میں اس کمپنی کے کروڑوں صارفین کو فائدہ ہوگا بلکہ ہیکرز کے ممکنہ حملوں میں پاس ورڈ چوری ہونے کا خطرہ بھی نہیں رہے گا۔