کراچی:(ویب ڈیسک) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے معروف کامیڈین عمرشریف کیلیے کراچی پہنچنے والی ایئرایمبولینس کوروانگی کا نیا شیڈول دے دیا ہے۔ طبیعت بہترہوئے پر عمر شریف کوامریکا منتقل کیا جائے گا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ائرایمبولینس نے سی اے اے کو کراچی سے روانگی کا نیا شیڈول دے دیا، ائرایمبولینس اب صبح 11 بجے کراچی ایئرپورٹ سے روانہ ہوگی۔ اس سلسلے میں ائر ایمبولینس کمپنی نے سی اے اے کے شعبہ ٹرانسپورٹ کو درخواست کردی ہے۔
عمر شریف کی طبیعت میں بہتری آئی تو انہیں ائر ایمبولینس سے امریکا کے لیے منتقل کیا جائے گا، ایمبولینس سروس نے نے عمرشریف کی فیملی کی درخواست پر روانگی کے وقت میں 3 گھنٹے اضافہ کردیا ہے۔ اب ایئرایمبولینس صبح 8 بجے کے بجائے 11 بجے روانہ ہوگی، جب کہ ایمبولینس کریو صبح 9 بجے ہوٹل سے ایئر پورٹ روانہ ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے لیجنڈ اداکار عمر شریف کی علاج کے لیے امریکا روانگی موخر کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق شہر کے نجی اسپتال میں زیر علاج پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ کامیڈین، ڈرامہ نگار اور فلم اسٹار عمر شریف کی حالت ایک مرتبہ پھر بگڑنے پر انہیں سی سی یو میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال میں ڈائیلاسز کے دوران عمر شریف کا بلڈ پریشر کم ہوگیا تھا اور طبیعت بگڑنے پر انہیں سی سی یو وارڈ منتقل کیا گیا ہے، جہاں انہیں اگلے 48 گھنٹے تک زیر نگرانی رکھا جائے گا۔ جب کہ طبیعت بہتر ہونے پر ان کی بیرون ملک روانگی سے متعلق فیصلہ ہوگا۔
دوسری جانب ایئرایمبولینس کراچی ایئرپورٹ پرلینڈ کرگئی ہے۔ ایئرایمبولینس فلپائن سے پاکستان روانہ ہوئی تھی۔ سی اے اے کے شعبہ ایئرٹرانسپورٹ نے ائیرایمبولینس کولینڈنگ کی خصوصی اجازت دے رکھی تھی۔
ذرائع کے مطابق امریکا میں مقیم امراض قلب کے ماہرڈاکٹراورپاکستانی اداکارہ ریما خان کے شوہرڈاکٹر طارق شہاب نے واشنگٹن میں عمرشریف کے علاج معالجے کے تمام انتظامات کیے ہیں اوروہ پاکستانی ڈاکٹروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
عمرشریف کو ایئرایمبولینس کے ذریعے جارج واشنگٹن ہسپتال منتقل کیا جانا تھا۔ جہاں ان کے دل کے والو کا ایک بالکل نئی تکنیک ’مائٹرل والو کلپنگـ‘ کے ذریعے علاج کیا جائے گا۔ اس ٹیکنالوجی کی بدولت اوپن ہارٹ سرجری کے بغیر ہی والو کا علاج کیا جاتا ہے۔