ممبئی:(ویب ڈیسک) بھارتی میڈیا میں کہا جارہا ہے کہ بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کی مینجر پوجا ددلانی نے آریان خان کو بچانے کے لیے 50 لاکھ روپے ادا کیے۔
منشیات کیس میں گرفتار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ضمانت کے بعد بھی یہ کیس خبروں میں روز اول کی طرح تازہ ہے اور آریان بھلے ہی اپنے گھر لوٹ آئے ہیں لیکن اس کیس میں ہر روز چونکانے والے انکشاف ہورہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اس کیس کے ایک گواہ پربھاکر سائل کی جانب سے جمع کرائے گئے بیان حلفی میں جن لوگوں کا ذکر کیا گیا ہے ان میں سے ایک سیم ڈی سوزا نے ایک ٹی وی انٹرویو میں دعویٰ کیا ہے کہ شاہ رخ خان کی مینجر پوجا ددلانی نے آریان خان کو گرفتاری سے بچانے کی امید میں 50 لاکھ کی رقم ادا کی تھی لیکن یہ رقم انہیں واپس کردی گئی۔
سیم ڈی سوزا نے اپنے دعوے میں الزام لگایا ہے کہ شاہ رخ خان کی مینجر نے اس کیس میں این سی بی کے دوسرے گواہ کے پی گوساوی کو 50 لاکھ روپے دئیے لیکن جب سیم ڈی سوزا کو معلوم ہوا کہ کہ گوساوی فراڈ ہے تو اس نے گوساوی کو پوجا ددلانی کو رقم واپس کرنے کے لیے کہا۔
دوسری جانب این سی بی کے گواہ پربھاکر سائل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے گوساوی کی بات چیت سنی جس میں کے پی گوساوی اور دیگر افراد شاہ رخ خان سے 25 کروڑ روپے کا مطالبہ کرنے کے بارے میں بات کررہے تھے، یہ معاملہ 18 کروڑ میں فائنل ہونا تھا جن میں سے 8 کروڑ این سی بی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڈے کو دئیے جانے تھے۔ اور باقی 10 کروڑ آپس میں بانٹنے کی بات ہورہی تھی۔ خیال رہے کہ سمیر وانکھیڈے کی فی الحال اسی کیس میں بھتہ خوری کے حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے۔
سیم ڈی سوزا نے اپنے ایک بیان میں قبول کیا ہے کہ شاہ رخ خان کی مینجر پوجا ددلانی کے پی گوساوی اور سیم ڈسوزا سے ملی تھیں اور انہوں نے دعویٰ کیا کہ پوجا ددلانی کی جانب سے کے پی گوساوی کو 50 لاکھ روپے بطور ٹوکن اماؤنٹ بھی دیا گیا تھا۔
لیکن جب بات نہیں بنی توگوساوی یہ 50 لاکھ روپے واپس بھی نہیں کررہا تھا تاہم سیم ڈی سوزا نے کہا کہ اپنا تمام تر زور لگانے کے بعد ہم گوساوی سے 38 لاکھ روپے نکلوانے میں کامیاب ہوسکے اور شاہ رخ خان کی مینجر پوجا ددلانی کو یہ رقم واپس کی اور ہم سمجھ گئے کہ کے پی گوساوی دھوکے باز آدمی ہے۔
واضح رہے کہ آریان خان کو منشیات کیس میں 3 اکتوبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔ بعد ازاں 28 اکتوبر کو بمبی ہائی کورٹ نے آریان خان کو ضمانت دے دی تھی۔