فضائی آلودگی: دنیا میں آج لاہور پھر پہلے نمبر پر

پنجاب کے وسطی علاقے مسلسل چھٹے روز شدید فضائی آلودگی کی لپیٹ میں ہیں، ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور دنیا بھر کے بڑے شہروں میں فضائی آلودگی کے لحاظ سے پہلے نمبر پر ہے۔

ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور کی فضا میں آلودگی 407 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔

آلودگی: لاہور دوسرے، کراچی ساتویں نمبر پر

فضائی آلودگی میں دوسرے نمبر پر جنوبی کوریا کا شہر انچون ہے جہاں آلودگی 239 پرٹیکیولیٹ میٹرز ہے جبکہ بھارتی دارالحکومت دہلی 218 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

ایئر کوالٹی انڈیکس کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بھی لاہور ہی 407 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ فضائی آلودگی کے لحاظ سے پہلے نمبر پر ہے۔

ساہیوال 402 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ دوسرے، گوجرانوالہ اور رائے ونڈ 358 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔

اس فہرست میں ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی 159 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ 10 ویں نمبر پر ہے۔

ایئر کوالٹی انڈیکس کی درجہ بندی کے مطابق 151 سے 200 درجے تک آلودگی مضرِ صحت ہے۔

ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق 201 سے 300 درجے تک آلودگی انتہائی مضرِ صحت ہے، جبکہ 301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کو ظاہر کرتا ہے۔