اسلام آباد:(ویب ڈیسک) ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کا رجحان مسلسل جاری ہے اور ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں 1.07 فیصد مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 18.34 فیصد تک پہنچ گئی، ایک ہفتے میں 27 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق زندہ مرغی اوسط 20 روپے 66 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی جبکہ گھی کی فی کلو قیمت میں اوسط 9 روپے پانچ پیسے اضافہ ہوا، دال مونگ دوروپے انسٹھ پیسے فی کلو مہنگی ہوئی، دال ماش دو روپے 43 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی، انڈے فی درجن دو روپے 77 پیسے مہنگے ہوئے جبکہ حالیہ ہفتے چائے کا فی کپ 39 پیسے مہنگا ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق حالیہ ہفتے دودھ، دہی، بیف اور مٹن بھی مہنگے ہوئے، ایک ہفتے میں 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی، چینی اوسط چار روپے 24 پیسے فی کلو سستی ہوئی جب کہ ٹماٹر 8 روپے پانچ پیسے فی کلو سستے ہوئے جب کہ ایک ہفتے میں آٹا، ایل پی جی، دال مسور اور پیاز بھی سستے ہوئے جب کہ گزشتہ ہفتے 14 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔