اسلام آباد:(ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے ای وی ایم مشینز کی خریداری کے بارے میں ٹینڈرز پر حکومتی دباؤ کو مسترد کردیا۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق ای وی ایم کے بارے میں ٹینڈرز سنجیدہ ترین نوعیت کا معاملہ ہے، الیکشن کمیشن خود مختار اور آئینی ادارہ ہے، حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن پر ای وی ایم مشینوں کے بارے میں ٹینڈرز کرنے کا دباؤ بڑھایا جارہا ہے لہذا الیکشن کمیشن ہر قسم کے دباؤ کو مسترد کرتا ہے۔
ذرائع نے کہا کہ الیکشن کمیشن کسی دباؤ کو خاطر میں نہیں لائے گا بلکہ اپنے دائرہ کار کے مطابق ہی امور انجام دے گا، الیکشن کمیشن ای وی ایم مشین اور اس سے جڑے ایشوز پر تین اعلیٰ سطحی کمیٹیاں تشکیل دے چکا ہے، تینوں کمیٹیاں چار ہفتے میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کی پابند ہیں لہذا کمیٹیز کی سفارشات کی روشنی میں کنسلٹنٹ ہائر کرکے ٹینڈرز سمیت دیگر امور کو آگے بڑھایا جائے گا۔
ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ گڈی گڈے کا کھیل نہیں جس پر کوئی دباؤ قبول کریں، میڈیا کے ذریعے دباؤ بڑھانا یا بیانات سے الیکشن کمیشن مرعوب نہیں ہوگا، الیکشن کمیشن اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔