اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی وفاقی کابینہ کیلئے وزارتوں کا اعلان کردیا گیا۔
نئی وفاقی کابینہ میں شامل وزراء کو قلمدان سونپ دیے گئے، خواجہ محمد آصف کو دفاع کے ساتھ دفاعی پیداوار اور ایوی ایشن کے محکموں کا قلمدان بھی دیا گیا ہے۔
کابینہ میں محمد اورنگزیب کو خزانہ کے ساتھ ریونیو کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے۔
وفاقی کابینہ میں شامل ن لیگی سینیٹر اسحاق ڈار کو وزیر خارجہ، احسن اقبال کو وزیر منصوبہ بندی اور ترقی، ریاض پیرزادہ کو وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس دے دی گئی۔
قیصر احمد شیخ کو وزارت میری ٹائم افیئرز، عبدالعلیم خان کو وزیر نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ جبکہ جام کمال خان کو وزیر تجارت مقرر کیا گیا ہے۔
اویس احمد خان لغاری کو وزیر ریلوے، عطا تارڑ کو وزیر اطلاعات و نشریات، رانا تنویر حسین کو وزیر صنعت و پیداوار، احد چیمہ کو اقتصادی امور اور اسٹیبشلمنٹ، محسن نقوی کو وزیر داخلہ اور انسداد منشیات کا قلمدان دیا گیا ہے۔
کابینہ میں سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کو قانون و انصاف کے ساتھ مذہبی امور کا محکمہ بھی دیا گیا ہے۔
وفاقی کابینہ میں چوہدری سالک حسین کو سمندر پار پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی وزارت دی گئی ہے۔