راولپنڈی:(ویب ڈیسک) راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس کی سماعت میں نیب کے مزید تین گواہان کے بیانات قلمبند کرلیے گئے ہیں۔
جبکہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے اڈیالہ جیل میں مقدمے کی سماعت کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سب کچھ جھوٹ پر چل رہا ہے، الیکشن جھوٹے ہوئے، اداروں کی ساکھ ختم کر دی گئی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ووٹر نے پولنگ ڈے پر ان سے بدلہ لیا،لیکن ووٹ کے ذریعے تبدیلی کو تسلیم نہیں کیا گیا۔ عمران خان نے مزید کہا ہے کہ انھوں نے مینڈیٹ چھین کر قوم کی امید ختم کر دی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ کوئی ڈیل کی بات نہیں ہو رہی، وکلا تک سے ملاقاتیں بند کر دی گئی ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ ہمارا پرامن احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت انتخابات میں دھاندلی کے خلاف سپریم کورٹ بھی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں پھر پیسہ چلنے والا ہے،گذشتہ سینیٹ انتخابات میں یوسف رضا گیلانی کا بیٹا پکڑا گیا،آج تک سزا نہیں ہوئی۔
دوسری جانب اس مقدمے کی سماعت کے دوران احتساب عدالت کے جج ناصرجاوید رانا نے استغاثہ کے مزید تین گواہان کی شہادت قلمبند کی جس کے بعد عدالت نے مزید سماعت 16 مارچ تک کے لیے ملتوی کر دی ہے۔