اسلام آباد یونائیٹڈ تیسری مرتبہ پی ایس ایل چیمپئن بن گئی

کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ 9 کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ملتان سلطانز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر ایک بار پھر چیمپئن بن گئی۔

واضح رہے کہ یہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا تیسرا پی ایس ایل ٹائٹل ہے۔

کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے گئے فائنل میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے 20ویں اوورز کی آخری گیند پر ہدف مکمل کرتے ہوئے کامیابی سمیٹی، مارٹن گپٹل نے 50 اور اعظم خان نے 30 رنز بناکر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر عماد وسیم 19 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، جبکہ کولن منرو اور نسیم شاہ نے 17، 17 رنز کی اننگز کھیلی۔

ملتان سلطانز کے افتخار احمد اور خوشدل شاہ نے 2، 2 جبکہ ڈیوڈ ولی، محمد علی اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

عماد وسیم کو فتح گر آل راؤنڈ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے تیسری مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے، یونائیٹڈ نے اس سے قبل 2016 اور 2018 میں ٹائٹل جیتا تھا۔

#اسلام آباد#اسلام آباد_یونائیڈڈ#پی_ایس_ایل#شاداب_خان#کراچی