چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے، امریکی صدر

اسلام آباد (ویب ڈیسک) امریکی صدر جو بائیڈن نے پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھا ہے جس میں انھوں نے نومنتخب حکومت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

وزیرِاعظم ہاؤس کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے خط میں لکھا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان شراکت داری دنیا اور ہمارے عوام کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے نہایت اہم ہے۔

وزارت اعظمیٰ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ وزیر اعظم شہباز شریف کو امریکی صدر جو بائیڈن کی طرف سے مبارکباد کا خط موصول ہوا ہے۔

خط میں امریکی صدر نے مزید لکھا ہے کہ دنیا اور خطے کو درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے امریکہ، پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

وزیرِاعظم ہاؤس کے مطابق امریکی صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ صحت عامہ کے تحفظ، معاشی ترقی اور سب کے لیے تعلیم پر پاکستان اور امریکہ کا مشترکہ وژن ہے جس دونوں ممالک مل کر فروغ دیتے رہیں گے۔

امریکی صدر کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ امریکی 2022 کے سیلاب کی تباہ کن اثرات سے بحالی میں پاکستان کی معاونت جاری رکھے گا اور وہ پاکستان کے ساتھ مل کر انسانی حقوق کے تحفظ اور ترقی کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔

#امریکی_صدر#پاکستان#جو_بائیڈن#شہباز_شریف