سیکیورٹی فورسز کا خیبرپختونخوا میں آپریشن، 13 خارجی دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی(پی ایم این/ویب ڈیسک)سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے علاقوں میں 5 مختلف کارروائیوں کے دوران 13 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ڈیرہ اسمٰعیل خان، وزیرستان، لکی مروت اور خیبر کے علاقوں میں آپریشن کیے گئے، دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائیاں کی گئی۔

پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کولاچی میں آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں خارجی شاہ گل عرف روحانی سمیت 5 خوارج ہلاک ہوگئے۔

شمالی وزیرستان کے دو الگ الگ مقامات دوسالی اور ٹپی میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 5 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں ایک آپریشن کے دوران 2 خارجی دہشت گرد ہلاک ہوئے اور ایک خارجی دہشت گرد کو خیبر کے علاقے باغ میں آپریشن کے دوران ہلاک کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گردی کے واقعات سمیت بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ علاقے کو کسی بھی قسم کی دہشت گردی کی کارروائی سے روکنے کے لیے سینیٹائزشن آپریشن جاری ہے جب کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔

# دہشت گرد#آئی ایس پی آر#خارجی