خواتین کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم اور صدر مملکت کے خصوصی پیغامات

اسلام آباد(پی ایم این) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی خواتین کا عالمی دن جوش و خروش سے منایا گیا، اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی پیغامات جاری کیے۔

صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان خواتین کے حقوق کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے، انہیں تعلیم، معیشت اور قیادت میں آگے لانے کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو اب بھی تشدد اور امتیازی سلوک جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، جن کے خاتمے کے لیے مزید مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے خواتین کے تحفظ اور مساوی اجرت کو یقینی بنانے پر زور دیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کی تعلیم ایک چیلنج رہا ہے، خاص طور پر جنوبی پنجاب میں یہ ایک سنگین مسئلہ تھا، تاہم اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے حکومت نے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں اور ملکی معیشت کے استحکام میں ان کا کردار انتہائی اہم ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم ہاؤس میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے خواتین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ قوم کی معمار ہیں اور پاکستان کی ترقی میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے فاطمہ جناح، شہید بینظیر بھٹو، عاصمہ جہانگیر، ارفع کریم اور ملالہ یوسفزئی کو عزم و ہمت کی علامت قرار دیا۔

#خواتین_کا_عالمی_دن #پاکستان_کی_بیٹیاں #مساوات #خواتین_کی_تعلیم #حقوق_نسواں