امریکا میں دو ہیکرز گرفتار، ٹیلر سوئفٹ کے کنسرٹ ٹکٹس چوری کرنے کا الزام

لاہور(پی ایم این/انٹرنیشنل ڈیسک) نیویارک میں امریکی حکام نے دو ہیکرز کو معروف پاپ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے ایراز ٹوور سمیت دیگر بڑے ایونٹس کے ہزاروں ٹکٹس چوری کرنے اور انہیں مہنگے داموں فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق 20 سالہ ٹائرون روز اور 31 سالہ شمارا سیمنز نے ایک آن لائن ٹکٹ فروش پلیٹ فارم میں سیکیورٹی خامی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تقریباً 635,000 ڈالر (16 کروڑ پاکستانی روپے) مالیت کے ٹکٹس چوری کیے اور دوبارہ فروخت کر دیے۔ ہیکرز ایک آن لائن ٹکٹ فروخت کرنے والی کمپنی کے ساتھ بطور تھرڈ پارٹی کنٹریکٹر کام کر رہے تھے اور مبینہ طور پر سسٹم میں دراندازی کر کے پہلے سے فروخت شدہ ٹکٹس دوبارہ اپنے قبضے میں لے آئے۔ حکام کے مطابق چوری شدہ ٹکٹس میں ٹیلر سوئفٹ کے کنسرٹ کے علاوہ ایڈ شیران، ایڈیل، این بی اے گیمز اور یو ایس اوپن ٹینس چیمپئن شپ کے ٹکٹس بھی شامل ہیں۔ نیویارک استغاثہ نے تصدیق کی ہے کہ دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور جرم ثابت ہونے پر انہیں 3 سے 15 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

#ٹیلر_سوئفٹ #ٹکٹ_چوری #امریکہ_ہیکنگ #ErasTour #نیویارک_گرفتاری