لاہور(پی ایم این/انٹرنیشنل ڈیسک)بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شاہ رخ خان، اجے دیوگن اور ٹائیگر شروف کو گمراہ کن اشتہارات میں شمولیت پر قانونی نوٹس جاری کر دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، جے پور کے صارفین کے تنازعات کے ازالے کے کمیشن نے وِمل پان مصالحہ کے اشتہارات میں شرکت پر تینوں اداکاروں کے ساتھ کمپنی کے چیئرمین وِمل کمار اگروال کو بھی نوٹس جاری کیا ہے۔ کمیشن نے انہیں 19 مارچ کو طلب کیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ وہ خود یا اپنے نمائندے کے ذریعے پیش ہوں، بصورت دیگر یکطرفہ فیصلہ جاری کر دیا جائے گا۔
کمیشن نے مزید ہدایت کی ہے کہ تمام فریقین نوٹس کی وصولی کے 30 دن کے اندر اپنے تحریری جوابات جمع کروائیں۔
یہ قانونی کارروائی جے پور کے ایک وکیل کی شکایت کے بعد کی گئی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پان مصالحہ میں زعفران کی موجودگی کا جھوٹا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ اس گمراہ کن اشتہار کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ مضر صحت پان مصالحہ استعمال کر رہے ہیں، جبکہ کمپنی اس سے کروڑوں روپے کا منافع کما رہی ہے۔