کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافہ، ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی پیشگوئی

کراچی(پی ایم این) محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے اور آج درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب، محکمہ موسمیات نے اگلے ہفتے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، ایک کمزور مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج رات ملک میں داخل ہوگا، جو 16 مارچ تک برقرار رہے گا، جبکہ 12 مارچ سے اس کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔

اس سسٹم کے تحت اسلام آباد، مری، گلیات، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی 14 اور 15 مارچ کو بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بالائی علاقوں میں شدید برفباری سے سڑکیں بند ہونے کا امکان ہے، جبکہ خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ حکام نے ماہی گیروں، سیاحوں اور مسافروں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ کسانوں کو بھی اپنی فصلوں کو ممکنہ نقصان سے بچانے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

#کراچی_موسم #گرمی #بارش #برفباری #مغربی_ہوائیں #محکمہ_موسمیات #لینڈسلائیڈنگ #سیاحتی_ہدایات