چیمپئنز ٹرافی فائنل: روی چندرن ایشون نے روہت شرما کو ٹاس ہارنے کا مشورہ دے دیا

لاہور(پی ایم این)بھارت کے سابق اسپنر روی چندرن ایشون نے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل سے قبل اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کو ٹاس ہار جانا چاہیے تاکہ ٹیم کسی اضافی دباؤ کا شکار نہ ہو۔

ایشون نے یوٹیوب شو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ بھارتی ٹیم ہدف کا دفاع کرنے میں کامیاب رہی ہے اور بغیر کسی دباؤ کے ٹوٹل کا تعاقب بھی کر رہی ہے، اس لیے ٹاس جیتنے کی فکر نہیں کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو ٹاس جیتنے کے بجائے نیوزی لینڈ کو یہ فیصلہ کرنے دینا چاہیے کہ وہ پہلے بیٹنگ کریں گے یا بولنگ۔

سابق اسپنر کا کہنا تھا کہ بھارت اس وقت اپنی بہترین فارم میں ہے اور اس نے اس ٹورنامنٹ میں نیوزی لینڈ کو 44 رنز سے شکست دی تھی۔ ان کے مطابق، ٹیم انڈیا دوسری اننگز میں بھی کامیابی سے بیٹنگ کر رہی ہے، اس لیے روہت شرما کو اس بارے میں زیادہ سوچنے کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں بھارتی ٹیم صرف بنگلادیش کے خلاف تھوڑا مشکلات کا شکار نظر آئی، لیکن مجموعی طور پر وہ ایونٹ کی سب سے مضبوط ٹیم رہی ہے۔

واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا فائنل آج دوپہر 2 بجے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

#چیمپئنز_ٹرافی #روی_چندرن_ایشون #روہت_شرما #ٹاس #بھارتی_کرکٹ #نیوزی_لینڈ #کرکٹ_فائنل #دبئی_اسٹیڈیم