کالعدم ٹی ٹی پی عالمی امن کے لیے خطرہ، افغانستان میں 20 سے زائد دہشت گرد تنظیمیں سرگرم، منیر اکرم

لاہور(پی ایم این)اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی امن کے لیے بھی بڑا خطرہ بن چکی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ افغانستان میں 20 سے زائد دہشت گرد تنظیمیں سرگرم ہیں جو خطے کے امن کو تباہ کر سکتی ہیں۔

منیر اکرم نے اقوام متحدہ کی جاری کردہ رپورٹ میں دہشت گردی کے تذکرے کے فقدان پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغان عبوری حکومت ان خطرات سے نمٹنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد سرحدی محفوظ پناہ گاہوں سے پاکستان پر حملے کر رہے ہیں، جن میں القاعدہ، ٹی ٹی پی اور بی ایل اے جیسی تنظیمیں شامل ہیں، جو خطے میں انتشار پھیلانے کے درپے ہیں۔

پاکستان نے اقوام متحدہ میں مناسب لائحہ عمل تشکیل دینے کے لیے مشاورت کے آغاز کا اعلان کیا ہے تاکہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔

#پاکستان #اقوام_متحدہ #ٹی_ٹی_پی #دہشتگردی #افغانستان #سلامتی_کونسل #CPEC