عید الفطر کے ایام میں 17 ہزار شہریوں کو لائسنسنگ سہولیات فراہم کی گئیں،ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب

لاہور۔3اپریل (پی ایم این/ویب ڈیسک ):ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب مرزا فاران بیگ نے عیدکے ایام میں موثر ٹریفک انتظامات اور لائسنسنگ سہولیات فراہم کرنے پر فورس کو شاباش دی ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز عید ایام میں متحرک رہ کر عوامی سہولیات فراہم کرتے رہے۔عید الفطر کے ایام میں 17 ہزار 400 سے زائد شہریوں کو لائسنسنگ سہولیات فراہم کی گئی۔ ترجمان نے بتایاکہ صوبہ بھر میں 6 ہزار 500 شہریوں نے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس بنوائے جبکہ ٹریفک پولیس لاہور نے 400 سے زائد شہریوں کو لائسنسنگ سہولیات فراہم کیں ۔

عید الفطر کے ایام میں عوام کے سفر کو محفوظ بنانے کےلئے 12ہزار سے زائد شہریوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر چالان جاری کئے گئے۔بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے ڈرائیونگ کرنے والے 1925 شہریوں کے چالان کئے گئے ۔انہوں نے کہاکہ کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کارروائیوں میں 2105 نوجوانوں کے چالان کئے گئے ۔علاوہ ازیں صوبہ بھر میں ون ویلنگ اور تیز رفتاری پر 835 افراد کے خلاف قانونی کارروائی اور بھاری جرمانے،دھواں چھوڑنے والی 83 گاڑیوں کے مالکان کو بھاری جرمانے عائد کئے گئے ۔

انہوں نے بتایاکہ قانون شکن افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت دیگر سنگین خلاف ورزیوں پر 6ہزار سے زائد افراد کو چالان ٹکٹ جاری کئے گئے ۔ترجمان نے کہا کہ شہری قانون کی پاسداری کر کے بھاری جرمانوں، قانونی کاروائیوں اور حادثات سے محفوظ رہیں۔