راولپنڈی۔ 03 اپریل(پی ایم این/ویب ڈیسک ):عید کی تعطیلات کے دوران سیاحوں کی 75 ہزار سے زیادہ گاڑیاں مری میں داخل ہوئیں،عید الفطر کے موقع پر بڑی تعداد میں سیاحوں نے ملکہ کوہسارمری کارخ کیا، اس دوران چیف ٹریفک آفیسرمری مغیث احمد ہاشمی کی ہدایات پر ڈی ایس پی ٹریفک مری ابرار سرور قریشی اور دیگر افسران شاہراہوں پر ٹریفک کو بلا رکاوٹ رواں دواں رکھنے کے لئے خود موجود رہے۔
سی ٹی او مری مغیث احمد ہاشمی نے ڈی ایس پی ٹریفک مری ابرار سرور قریشی اور ٹریفک پولیس کے ڈیوٹی کرنے والے تمام جوانوں کو انتہائی محنت اور لگن سے ڈیوٹی سر انجام دینے پر شاباش دی۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر مری کا کہنا تھا کہ ملکہ کوہسار مری میں سیاحوں کی سہولت اورٹریفک کی روانی کو بلا رکاوٹ برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس کے 200 سے زائد افسروں اورجوانوں نے سر انجام دی۔
– Advertisement –
انہوں نے کہاکہ عید کے دنوں کے دوران مری میں سیاحوں کی 75 ہزار سے زائد گاڑیاں داخل ہوئیں، اس دوران سٹی ٹریفک پولیس مری کے افسران و ملازمان کی بہترین حکمت عملی اور ٹریفک پلان پر عملدر آمد کروانے کی بدولت کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا،فرائض کی ادائیگی کے دوران 14 ہزار 860 سے زائد سیاحوں کی مختلف طریقوں سے رہنمائی اور مدد کی گئی۔
سی ٹی او مری کاکہنا تھا کہ رمضان اور عید الفطرکے دنوں میں ٹریفک پولیس کے افسروں اورجوانوں نے اپنے پیاروں سے دور رہ کر معمول کی ڈیوٹی سے بڑھ کر اپنے پیشہ ورانہ فرائض انتہائی خوش اسلوبی اور احسن طریقے سے سر انجام دیے جس کے لئے ان کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔
سی ٹی او نے احسن طریقے سے ڈیوٹی سر انجام دینے پر ٹریفک وارڈنز و دیگر سٹاف کو تعریفی سر ٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ مری میں دوران عید الفطر تعطیلات سٹی ٹریفک پولیس کو عوامی سیاسی و سماجی حلقوں نے بہترین ڈیوٹی کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔